محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نےصوبے کے تعلیمی اداروں کےحوالے سے ایس او پیز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کی تجویز ہے، تاہم اس کا حتمی فیصلہ ابھی ہونا ہے۔
پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی طرف سے جاری ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ مارننگ اسمبلی، اِن ڈور گیمز، جھولوں، سلائیڈز، کھیلوں کی سرگرمیوں، سیمینارز، تقریری مقابلوں، کھیلوں کے مقابلوں اور ٹورنامٹس منعقد کرانے پر پابندی ہوگی، ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
ایس او پیز کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسکول بسوں میں کل گنجائش کا 50 فیصد استعمال کرنا ہوگا، ہاسٹلز کی سہولت کیلئے صرف 30 فیصد گنجائش استعمال کی جائے گی۔
طلباء و طالبات کو صابن اور ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی جبکہ سانس کی تکلیف میں مبتلا طالب علموں اور اسٹاف کو گھروں تک محدود رکھا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے سے 3 دن قبل تعلیمی اداروں کی جامع صفائی اور ڈس انفیکٹ کریں جبکہ تعلیمی اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر بھی ڈس انفیکٹ کیا جائے۔
ایس او پیز میں شامل ہے کہ 6 فٹ کا سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے، طالب علم ہاتھ ملانے کی پابندی پر عمل کریں۔
اسکولوں میں داخلے اور چھٹی کے وقت سماجی فاصلہ لازمی رکھا جائے، اساتذہ لیکچر دیتے وقت بھی سماجی فاصلہ اپنائیں، طالب علم اپنا دوپہر کا کھانا گھر سے لائیں۔
تعلیمی اداروں میں تمام بچوں کا تھرمل گن سے ٹمریچر چیک کیا جائےاور تمام طالب علموں کی الگ الگ ہیلتھ لاگ بک تیار کی جائے۔



0 Comments